جام کمال خان کی یورپی، چینی اور ملائیشین کاروباری وفود سے ملاقاتیں

اسلام آباد ( آن لائن)  وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بین الاقوامی نمائش فوڈ ایگ پاکستان کے موقع پر یورپی، چینی اور ملائیشین کاروباری وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کرتے ہوئے غیر ملکی کمپنیوں کو زراعت، ڈیری، لائیو اسٹاک، ماہی گیری اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی باضابطہ دعوت دی ہے۔ ان ملاقاتوں میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل خان بھی شریک تھے۔جرمنی، فرانس، اٹلی، بیلجیئم اور نیدرلینڈز کے کاروباری وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 25 کروڑ آبادی عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش اور بڑی منڈی ہے۔ انہوں نے یورپی وفد کو زرعی مشینری، بیج کی ٹیکنالوجی، زرعی خدمات، ڈیری اور گوشت کی پروسیسنگ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان اس وقت تقریباً 40 کروڑ امریکی ڈالر مالیت کا گوشت برآمد کر رہا ہے۔