اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی اقتصادی سفارت کاری کو مزید فعال بنانے اور نئی تجارتی منڈیوں تک رسائی کے لیے اہم پیش رفت کی ہے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ترکیہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی اقتصادی و تجارتی کمیٹی (کومسیک) کے 42ویں اجلاس کے موقع پر سعودی عرب، مصر اور تیونس کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تجارت، غیر ملکی سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے سعودی عرب کے ڈپٹی گورنر برائے بین الاقوامی تنظیموں و معاہدات فرید ایس العسالی سے ملاقات کی، جس میں زراعت، صنعت، لائیو اسٹاک اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر جام کمال خان نے پاکستانی اور سعودی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری اور کاروباری منصوبوں کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی کمپنیاں افریقی منڈیوں میں بھی مشترکہ تجارتی مواقع تلاش کر سکتی ہیں۔وفاقی وزیر نے سعودی وفد کو پاکستان میں منعقد ہونے والی آئندہ فوڈ ایگ نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی۔