آزاد کشمیر : دریائے نیلم سے ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی

 عرفان شاہ  بیوی بچوں سے ملاقات کیلئے نیلم عبور کرتے جان کی بازی ہار گیا
 کشیدگی کے بعد اہلیہ اور بچوں کو مقبوضہ کشمیر سے ڈی پورٹ، آزاد کشمیر بھیج دیا گیا تھا
مظفر آباد(آئی  این پی )آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب دریائے نیلم سے ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رہائشی عرفان حسین شاہ کے نام سے ہوئی ہے جو بیوی بچوں سے ملاقات کی خواہش میں دریائے نیلم عبور کرنے کی کوشش کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔تفصیل کے مطابق عرفان حسین شاہ نے 22 اور 23 نومبر کی درمیانی شب کیرن زیرو پوائنٹ کے قریب پیدل دریائے نیلم عبور کرنے کی کوشش کی، تاہم دریا کے یخ بستہ پانی اور تیز بہا کی نذر ہوگئے۔ ان کی لاش دریائے نیلم سے ملنے کے بعد ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے ) نیلم نے پاک فوج کے اشتراک سے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے نکالی۔معلومات کے مطابق عرفان حسین شاہ کی شادی 2002 میں آزاد کشمیر کے علاقے چکار میں ہوئی تھی، جس کے بعد وہ 2008 میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ مقبوضہ کشمیر منتقل ہوگئے تھے۔ پاک بھارت کشیدگی کے بعد ان کی اہلیہ اور بچوں کو مقبوضہ کشمیر سے ڈی پورٹ کرکے آزاد کشمیر بھیج دیا گیا تھا، جس کے بعد عرفان حسین شاہ اپنے اہل خانہ سے جدا ہوگئے تھے۔اہلیہ اور بچوں سے طویل جدائی کے باعث وہ شدید ذہنی کرب میں مبتلا تھے