روبن مسیح کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، مقدمہ درج ملزم گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)مناواں کے علاقے میں کھیتوں سے ملنے والی سر قلم شدہ لاش کی شناخت روبن مسیح کے نام سے کر لی گئی۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی میری پہچان ٹیم نے جدید بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے فنگر پرنٹس کی تصدیق کے بعد مقتول کی شناخت مکمل کی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق روبن مسیح 16 سال قبل ایک خاتون کو بھگا کر لے گیا تھا اور بعد ازاں اس کے ساتھ دوبارہ مراسم قائم کر لیے تھے، جس پر خاتون کے بیٹوں کو رنج تھا۔ مبینہ طور پر خاتون کے بیٹوں نے روبن مسیح کو قتل کرکے لاش کھیتوں میں پھینک دی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی جائے گی۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق میری پہچان ٹیم اب تک پانچ ہزار سے زائد لاوارث لاشوں کی شناخت کر چکی ہے۔