سوشل میڈیا کو مخصوص ایجنڈے اور انتہا پسندی کے فروغ کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے عطاء اللہ تارڑ

 پلیٹ فارمز خواتین کے عزت و وقار اور شہریوں کی نجی زندگی کے تحفظ میں ناکام دکھائی دیتے ہیں‘ حکومت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ مل کر  کام کرنے کی خواہاں ہے
ٹک ٹاک پر مصنوعی ذہانت  کی مدد سے تیار کردہ مواد کے ساتھ  اے آئی لیبل  لگانا ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو گمراہ کن معلومات سے بچایا جا سکے:سیمینار سے خطاب
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے  سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ایک مخصوص ایجنڈے اور نظریات کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ یہ پلیٹ فارمز خواتین کے عزت و وقار اور شہریوں کی نجی زندگی کے تحفظ میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان میں اپنے باقاعدہ دفاتر قائم کرنے اور اپنی موجودگی کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی  کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا کے  ذریعے انتہا پسندانہ نظریات اور ممنوعہ تنظیموں کے بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں، جو انتہائی تشویشناک ہے۔عطاء￿  اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا کے منفی پہلوؤں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ان پلیٹ فارمز پر خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کے سنگین واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائرل ہونے والے مواد کو مالی فوائد  سے جوڑنے کے باعث معاشرے میں منفی رجحانات کو تقویت مل رہی ہے، اور سوشل میڈیا کا الگورتھم بھی مثبت اور تعمیری مواد کے بجائے متنازع اور اشتعال انگیز مواد کو زیادہ نمایاں کرتا ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا  ٹک ٹاک پر مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کردہ مواد کے ساتھ 'اے آئی لیبل' لگانا ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو گمراہ کن معلومات سے بچایا جا سکے۔اپنے خطاب کے اختتام پر عطاء  اللہ تارڑ نے اس  عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں مثبت اور تعمیری مواد تخلیق کرنے کی  بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور حکومت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر کام کرنے کی خواہاں ہے تاکہ ڈیجیٹل اسپیس کو محفوظ اور ذمہ دارانہ بنایا جا سکے۔