سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال بڑا خطرہ بن چکا :عطاء تارڑ

ڈیجیٹل میڈیا کی ریگولیشن اور سائبر کرائم کی روک تھام کے لئے قانون سازی کا مقصد اظہار رائے پر پابندی لگانا نہیں:وزیر اطلاعات
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا کے منفی اثرات اور اس کے ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ فیک نیوز، نفرت انگیزی اور عدم برداشت سوشل میڈیا کے غیر منظم پھیلاؤ کے باعث ہمارے معاشرے کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔   روایتی میڈیا کی طرح سوشل میڈیا کو بھی قواعد و ضوابط کے تابع ہونا چاہیے تاکہ تشدد، نفرت، اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔  انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ  اکنامک فورم کی حالیہ رپورٹ میں بھی سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ  استعمال کو ہمارے وقت کا سب سے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔  وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا کا تیز رفتار پھیلاؤ ایک حقیقت ہے، اور وقت کی ضرورت ہے کہ اسے مثبت سماجی مقاصد، بالخصوص خواتین اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا  سوشل میڈیا کو پدرشاہی نظام، صنفی امتیاز، اور معاشرتی ناہمواریوں کے خلاف آگاہی کے ایک موثر ذریعہ کے طور پر بروئے کار لانا ہوگا۔  انہوں نے  انکشاف کیا کہ حکومت نے ڈیجیٹل میڈیا کی ریگولیشن اور سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے قانون سازی کی ہے، جس میں پیکا قوانین میں ترامیم اور ایک قومی ڈیجیٹل سیفٹی ایجنسی کا قیام بھی شامل ہے۔