فیک نیوز اور مس انفارمیشن سب سے بڑا خطرہ اور چیلنج ہیں ،اس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں
مٹھی بھر شرپسند عناصر کو آرمی چیف کا دورہ ہضم نہیں ہو رہا، یہ سوشل سکیورٹی کے پیسے پر پلتے ہیں ‘پاکستان کیخلاف مہم چلاتے ہیں
ریاض(آئی این پی )وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہیکہ فیک نیوز اور مس انفارمیشن سب سے بڑا خطرہ اور چیلنج ہیں جو سماجی مسائل کا باعث بنتے ہیں،غزہ جیسے عالمی مسائل پر حقیقی معلومات کی فراہمی ضروری ہیسعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی میڈیا فورم 2025 کے زیراہتمام مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ غلط معلومات اور جھوٹی خبروں کے پھیلا ئوکو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔ فیک نیوز اور مس انفارمشین سب سے بڑا خطرہ اور چیلنج ہیں۔ ہمیں اس کا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عالمی سطح پر ایک ایسا ادارہ ہونا چاہئے جہاں مصنوعی ذہانت کے ذریعے حقائق کی جانچ کا نظام موجود ہو۔ سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت کا استعمال منصفانہ ہونا چاہئے اسے کسی ایک جانب نہیں جھکایا جا سکتا۔ حقائق کی تصدیق کے لئے جامع، مستند اور معتبر نظام ناگزیر ہے جس پر لوگ بھروسہ کر سکیں۔ عالمی میڈیا اداروں کے مقامی میڈیا کے ساتھ تعاون اور اشتراک کے لئے تیار ہیں۔ اس طرح کی شراکت داری سے شفافیت کی حوصلہ افزائی ہوگی۔