ملک دشمنوں کو نیست ونابود کیا جائے گا کورکمانڈرز کانفرنس
خضدار میں سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویئے کے ذریعے پاکستان پر دبائو ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا
شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ، پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گی:اعلامیہ کانفرنس‘ آپریشن بنیان مرصوص اور ضلع خضدار میں دہشتگردانہ حملے کے شہدا ء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی
راولپنڈی (آئی این پی ) کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں جب کہ ہم بیرونی جارحیت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جاری اپنی مشترکہ جدوجہد میں عوام کے اعتماد اور امیدوں پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہیں،خضدار میں سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی،طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویے کے ذریعے پاکستان پر دبائو ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس کا آغاز آپریشن بنیان مرصوص اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردانہ حملے کے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ خضدار میں سفاکانہ کارروائی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، جس کے نتیجے میں 4 معصوم بچے اور 2 بے گناہ افراد شہید ہوئے۔کور کمانڈرز نے نہتے شہریوں، بالخصوص معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانے کو انسانیت کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحا اور قابلِ مذمت خلاف ورزی قرار دیا۔فورم نے معرکہ حق کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے دوران اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیا جب کہ یہ اعادہ کیا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اسٹریٹجک وژن، غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع کے لیے ان کی موثر اور گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کیا اور آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔فورم نے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا، خاص طور پر معرکہ حق کے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی، بلند حوصلے اور قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا گیا۔ فورم نے پاکستانی میڈیا اور انفارمیشن وارئیرز کو سراہا جو بھارتی پروپیگنڈے ، جعلی خبروں اور جنگی جنون کے خلاف ریاست کے ساتھ قدم ملا کر کھڑے رہے۔شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا نے حقائق اور اعداد و شمار کو درست طریقے سے پیش کرتے ہوئے عوامی اعتماد کو فروغ دیا اور غلط معلومات کا تدارک کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، جن کی قومی حب الوطنی اور جوش و جذبے نے نہ صرف قومی روح کو اجاگر کیا، بلکہ قومی بیانیہ کو موثر انداز میں پیش کیا۔فورم نے سیاسی قیادت کو ان کی دور اندیشی، معرکہ حق کے دوران بے مثال قیادت ، پختہ یقین اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ قوم کی رہنمائی پر سلام پیش کیا جب کہ بھارتی مسلح جارحیت کے خلاف کامیابی کو ان عوامل کی مرہونِ منت قرار دیا۔کور کمانڈرز نے پاکستان کے موثر اور بروقت دفاعی رسپانس کو مثالی قرار دیتے ہوئے پاکستان کی بھرپور جوابی دفاعی کارروائی کو بہترین اور واضح تزویراتی حکمت عملی کا عکاس قرار دیا۔فورم نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کی بقا کے لئے کسی بھی بیرونی جارحیت کا مکمل آپریشنل تیاری سے مقابلہ کرنے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کور کمانڈرز نے اعادہ کیا کہ طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویے کے ذریعے پاکستان پر دبائو ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔فورم نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں متحرک ہندوستانی حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسیوں کی سرکوبی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ کیا۔شرکا نے کہا کہ پہلگام واقعہ کی آڑ میں کی جانے والی جارحیت کی ناکامی پر بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے خفیہ منصوبے پر عملد درآمد کر رہا ہے، بھارت ایک جانب خود کو دہشت گردی کا شکار ظاہر کرتا ہے لیکن درحقیقت وہ خود دہشت گردی کا مرتکب اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز ہے ۔کور کمانڈرز نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے پراکسیوں کا استعمال بھارت کا وطیرہ رہا ہے لیکن پاکستان کسی صورت بھی بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے اپنے امن پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔شرکا کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے ساتھ، دہشت گرد پراکسیوں اور ان کے سہولت کاروں کا غیر متزلزل عزم کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔مزید کہا انتشار اور خوف کی فضا پیدا کرنے کے لیے بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے ملک دشمن عناصر کو قومی عزم اور مکمل استعداد کے ساتھ نیست و نابود کر دیا جائے گا۔