عمران خان کی بہنوں کے اڈیالہ جیل کے قریب ہونے والے دھرنے کے دوران پولیس اور شرکا کے درمیان ایک دلچسپ اور غیر معمولی منظر دیکھنے میں آیا۔
گزشتہ شب، شدید سردی کے موسم میں، ایس ایچ او صدر بیرونی اعزاز عظیم نے دھرنا شرکا کو چائے پیش کی، جس نے صورت حال کو خوشگوار اور دوستانہ بنا دیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم مسکراتے ہوئے چائے کا کپ اٹھاتی ہیں، جب کہ ایس ایچ او اعزاز عظیم انہیں مخاطب کرکے چائے پیش کر رہے ہیں۔ اسی طرح، علامہ ناصر کو بھی پولیس حکام چائے کی دعوت دیتے ہیں، اور وہ کپ اٹھا کر چائے پیتے نظر آتے ہیں۔ اس کے علاوہ، نعیم پنجوتھا کو بھی چائے کی پیشکش کی گئی۔
یہ مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں، جہاں لوگوں نے اس دوستانہ انداز کو سراہا ہے۔ دھرنے کے دوران کبھی سختی، کبھی مذاکرات اور کبھی چائے کی پیش کش کے یہ مناظر عوام کے درمیان گفتگو کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں کی جانب سے پولیس کے اس رویے کو مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے، جو سخت حالات میں بھی محبت اور رواداری کا پیغام دیتا ہے۔