بانی کا ایکس اکائونٹ جیل سے آپریٹ نہیں ہو رہا :سپرنٹنڈنٹ

سخت نگرانی میں قید کسی قسم کی ممنوعہ چیز، خصوصاً موبائل فون موجود نہیں
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکائونٹ بند کرنے کی درخواست پر اڈیالہ جیل کے سپریٹنڈنٹ نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکائونٹ جیل سے آپریٹ نہیں ہو رہا،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی سخت نگرانی میں قید ہیں اور ان کے پاس کسی قسم کی ممنوعہ چیز، خصوصاً موبائل فون موجود نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جیل کے اندر اور اطراف کے علاقوں میں موبائل سگنلز جیمرز نصب ہیں، جس کے باعث موبائل اور انٹرنیٹ کا استعمال ممکن نہیں۔ سپریٹنڈنٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جیل رولز کے تحت بانی پی ٹی آئی کو سیاسی گفتگو سے روکا گیا ، تاہم ملاقاتوں کے دوران بعض افراد قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی بحث مباحثے میں مشغول رہتے ہیں۔