عمران خان کا ٹوئٹر اکائونٹ بھارت سے آپریٹ ہو رہا ہے:حنیف عباسی

بھارت نے پی ٹی آئی پر اربوں ڈالر انویسٹ کئے ،  یہ جماعت دہشتگردوں کی سہولت کار ہے
 صوبہ  خیبر پختونخوا میں خوارج کے لئے محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں: وزیر ریلوے کاویڈیو پیغام
اسلام آباد (آئی این پی) وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے دعوی کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان تحریک انصاف پر اربوں ڈالر انویسٹ کیے ہیں، اور یہ جماعت دہشتگردوں کی سہولت کار بنی ہوئی ہے جبکہ عمران خان کا ٹوئٹر اکانٹ بھارت سے آپریٹ ہو رہا ہے۔ حنیف عباسی نے اسلام آباد سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، اس جنگ میں ہم نے 90 ہزار سے زائد جانیں قربان کیں، اس دوران ہمارے بہادر جوان و افسران اور معصوم شہری شہید ہوئے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس جنگ کے دوران کچھ لوگ دہشت گردوں کی سہولت کاری اور افواج پاکستان کی قربانیوں کی توہین کرتے رہے، پاکستان میں ایک ایسی جماعت نے جنم لیا جس نے اپنے اداروں پر منظم سازش کے تحت حملے کیے۔ ایک ساسی جماعت ان خوارج کی سرپرستی کر رہی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں خوارج کے لیے محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں۔