عمران کو کوئی گھبراہٹ نہیں آپ کو بھی نہیں ہونی چاہئے، میری دعا ہے جلد باہر آ ئیں
لوگوں نے اس ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کیا، ہر جگہ مجھ پر کیسز ہیں، پیشی کے میڈیا سے گفتگو
لاہور (خصوصی رپورٹ )تحریک انصاف کے مرکزی صدر پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ دراصل ن لیگ کو ووٹر کے بغیر الیکشن لڑنے کی عادت پڑ گئی ہے، الیکشن ووٹرز سے ہوتا ہے اگر بیس فیصد سے کم ووٹرز ہوں تو وہ الیکشن نہیں ہوتا، لوگوں نے اس ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کیا ہے،ایف آئی اے سینٹرل کورٹ لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزالٰہی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں دو سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے، میری دعا ہے اور آپ بھی دعا کریں کہ وہ جلد باہر آ جائیں، ان کو کوئی گھبراہٹ نہیں ہے آپ کو بھی نہیں ہونی چاہئے، ہر جگہ مجھ پر کیسز ہیں، بار کونسلز کا الیکشن ہو رہا ہے وہاں بھی میری مصروفیت ہے۔قبل ازیں لاہور کی سپیشل سینٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پرویز الٰہی کی بریت کی درخواست پر وکیل کو تیاری کی مہلت دے دی۔عدالت نے وکیل کو مونس الٰہی کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف درخواست پر بھی دلائل دینے کی ہدایت کردی۔جج عارف خان نیازی نے کیس کی سماعت کی۔ پرویز الٰہی عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔سپیشل سینٹرل عدالت نے کارروائی 18 دسمبر تک ملتوی کردی۔