آزاد کشمیر انتخابات ، آج پولنگ ، پی پی ،(ن) میں کانٹے دار مقابلہ
10 نشستوں پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں کانٹے دار مقابلے متوقع ، میرپور ڈویژن میں عام تعطیل ، سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات ، ، 14 لاکھ 437 رجسٹرڈووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے:جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل
مظفر آباد،میرپور(آئی این پی )آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے تین مراحل میںہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج (پیرکو) میرپور ڈویژن میں پولنگ ہوگی جس میں 14 لاکھ 437 رجسٹرڈووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے،اس موقع پر میرپور ڈویژن میں عام تعطیل ہوگی، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ انتخابی عمل کیلئے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ،چیف الیکشن کمشنر آزادجموں کو کشمیر نے میرپور ڈویژن کے عوام سے انتخابات میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے ۔تفصیل کے مطابق عام انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے انتخابی مہم کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد آخری روز امیدواروں نے سیاسی جماعتوں کے ووٹرز سے ڈور ٹو ڈوو رابطے کیے،میر پور، بھمبر اور کوٹلی میں تمام تر توجہ اب پولنگ ڈے پر مرکوز ہے۔طے شدہ شیڈول کے مطابق پولنگ کیلئے انتخابی سامان پولنگ سٹیشنز تک پہنچانے کا عمل مکمل کرلیا گیا، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے۔انتخابی عمل پرامن بنانے کیلئے پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے۔قانو ن ساز اسمبلی کے انتخاب کیلئے ملک بھر سے سیکیورٹی اہلکار بھجوا ئے گئے ہیں۔ قبل ازیں وفاقی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق مجموعی طور پر ملک بھر سے 16ہزار 800 اہلکاروں کو بھجوایا گیاہے۔نفری کے ہمراہ 15 ایس پیز اور 48 ڈی ایس پیز بھی کشمیر بھیجے گئے ہیں۔سب سے زیادہ 14 ہزار پولیس اہلکار پنجاب سے بھجوائے گئے جب کہ سندھ 2ہزار، خیبرپختونخوا 500، بلوچستان 200 اور جی بی سے 100 اہلکار الیکشن ڈیوٹی پر بھجوائے گئے ہیں۔ الیکشن ڈیوٹی پر 30 فیصد مسلح اور 70 فیصد ڈنڈا برادر فورس موجود رہے گی۔پنجاب ہائی ویپٹرولنگ، راٹس منیجمنٹ فورس، پنجاب کانسٹیبلری اور ضلع پولیس اہلکار شامل ہیں۔ دریں اثنا محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جار نوٹیفکیشن کے مطابق آج (پیر کو )میر پورڈویژن میںعام تعطیل ہوگی ، تعطیل کا فیصلہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے پولنگ کے روز ووٹروں کو سہولت فراہم کرنے اور انتخابی عمل کے پرامن و منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کو عام تعطیل کی سفارش کی تھی ۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ عام تعطیل صرف میرپور ڈویژن کی حدود تک محدود ہوگی، جبکہ آزاد کشمیر کے دیگر ڈویژنز میں معمول کے مطابق سرکاری امور جاری رہیں گے۔ دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس(ر) غلام مصطفی مغل نے میرپور ڈویژن کے عوام سے 27 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور شرکت کی اپیل کی اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں سے نکل کر اپنی پسند کے امیدوار کو ووٹ دیں۔اپنے ایک بیان میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹ دینا ہر شہری کا قومی، آئینی اور اسلامی فریضہ ہے اور حقِ رائے دہی کا استعمال ہی مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہے، عوام اپنے ووٹ کے ذریعے ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو ان کے مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کیلئے موثر کردار ادا کر سکیں۔جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے یقین دہانی کرائی کہ تمام پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، ہر پولنگ سٹیشن پر سکیورٹی فورسز اور کوئیک رسپانس فورس تعینات ہوگی تاکہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ریاست ووٹرز کی پولنگ سٹیشنز تک آمدورفت کے دوران بھی سکیورٹی یقینی بنائے گی، جبکہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پاک فوج کے 2100 جوان بھی انتخابی سکیورٹی کے لئے تعینات کئے جائیں گے۔ سکیورٹی فورسز مربوط سکیورٹی پلان کے تحت فرائض انجام دیں گی۔میرپور ڈویژن کے13 حلقہ جات میں سب سے زیادہ ووٹ ایل اے 7 بھمبھر شہر میں 1 لاکھ 29 ہزار سے زائد ہیں،جبکہ سب سے کم ایل اے 10 کوٹلی شہر میں 87 ہزار کے قریب ہیں۔ان حلقہ جات میں 10 نشستوں پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں۔ایک نشست ہر مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی،ایک نشست پر مسلم لیگ ن اور آزادامیدوار اور ایک نشست پر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس،مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی میں مقابلہ ہے۔میرپور ڈویژن میں ایک سابق وزیر اعظم چوہدری انوار الحق،پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین،مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق بھی انتخابی میدان میں ہیں۔مسلم لیگ ن نے کوٹلی شہر، سہنسہ، نکیال،چکسواری سے نئے امیدوار میدان میں اتارے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی نے کھڑی شریف سے نئے امیدوار کو میدان میں اتارا ہے۔