مسلم لیگ ن کو ووٹر کے بغیر الیکشن لڑنے کی عادت پڑ گئی چودھری پرویزالٰہی

بانی پی ٹی آئی  کو کوئی گھبراہٹ نہیں ہے‘ آپ کو بھی نہیں ہونی چاہئے، میری دعا ہے اور آپ بھی دعا کریں  وہ جلد باہر آ جائیں 
الیکشن ووٹرز سے ہوتا ہے، بیس فیصد سے کم ووٹرز ہوں تو وہ الیکشن نہیں ہوتا، لوگوں نے اس ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کیا: میڈیا سے گفتگو 
لاہور(سپیشل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے  ایف آئی اے سینٹرل کورٹ لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا ہے کہ دراصل ن لیگ کو ووٹر کے بغیر الیکشن لڑنے کی عادت پڑ گئی ہے، الیکشن ووٹرز سے ہوتا ہے اگر بیس فیصد سے کم ووٹرز ہوں تو وہ الیکشن نہیں ہوتا، لوگوں نے اس ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں دو سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے، میری دعا ہے اور آپ بھی دعا کریں کہ وہ جلد باہر آ جائیں، ان کو کوئی گھبراہٹ نہیں ہے آپ کو بھی نہیں ہونی چاہئے‘ قبل ازیں ایف آئی اے سینٹرل کورٹ لاہور میں چودھری پرویزالٰہی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے چودھری پرویزالٰہی کی بریت کے کیس میں مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی