20 لاکھ افراد وفات پاچکے ، انتخابات کے ساتھ ساتھ آئینی و قانونی اصلاحات کا ریفرنڈم بھی ہے
انتخابی اخراجات کی حد کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ، مقررہ حد کے اندر رہ کر انتخابی مہم چلانا ہوگی
ڈھاکہ (آئی این پی )بنگلادیش کے الیکشن کمشنر بریگیڈئیر (ر) ابوالفضل محمد ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں 10 نئی سیاسی جماعتیں ابھر کر سامنے آئی ہیں اور 45 لاکھ نئے ووٹرز ہیں۔بنگلادیش کے الیکشن کمشنر نے ڈھاکہ میں پریس بریفنگ میں کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے سکیورٹی انتظامات کیے ہیں، ملک بھر میں انتخابات میں 50 سیاسی جماعتیں شرکت کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں اور انتخابات کے ساتھ ساتھ آئینی و قانونی اصلاحات کا ریفرنڈم بھی ہے۔ابوالفضل محمد ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہماری ووٹنگ لسٹ میں 45 لاکھ نئے ووٹرز ہیں، پرانی ووٹرلسٹ کے 20 لاکھ افراد وفات پاچکے تھے، ملک میں 60 رجسٹرڈ جماعتوں میں سے 50 الیکشن میں شریک ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ملک میں 10 نئی سیاسی جماعتیں ابھر کر سامنے آئی ہیں، امیدوارکو حلقے میں فی ووٹر 10 ٹکا کے حساب سے اخراجات کی اجازت ہے، حلقے میں 3 لاکھ ووٹرز ہوں تو امیدوار زیادہ سے زیادہ 30 لاکھ ٹکا خرچ کرسکتا ہے۔الیکشن کمشنر کے مطابق ڈھائی لاکھ سیکم ووٹرز والے حلقوں میں بھی اخراجات کی بالائی حد 25 لاکھ ٹکا ہے، انتخابی اخراجات کی حد کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی
ہوسکتی ہے، تمام امیدواروں کو مقررہ حد کے اندر رہ کر شفاف انتخابی مہم چلانا ہوگی۔