حلقے میں دوسرے نمبر پر آنیوالی پارٹی کا امیدوار ہی الیکشن لڑیگااوردوسری جماعت اسے سپورٹ کریگی
حنیف عباسی، طارق فضل کی راجا پرویز ،نیئر بخاری سے ملاقات،دونوں جماعتوں میں فارمولا طیپا گیا
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)حکمران اتحاد مسلم لیگ (ن)اور پاکستان پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات میں مل کر حصہ لینے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کیلئے مسلم لیگ (ن)کے وفدنے گزشتہ روز راجا پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر جا کر ان سے ملاقات کی اور ضمنی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔لیگی وفد میں وفاقی وزیر حنیف عباسی اور طارق فضل چودھری شامل تھے جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مذاکرات میں راجا پرویز اشرف اور نیئر بخاری شامل تھے۔بعدازاں حنیف عباسی ، راجا پرویز اشرف نے مشترکہ پریس کانفرنس میں ضمنی انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑے نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ یہ ملاقات دونوں جماعتوں کے قائدین کی ہدایت پر ہوئی اور قائدین کی ہدایات کی روشنی میں فارمولا طے پایا ہے۔ دونوں جماعتیں ضمنی انتخابات مل کر لڑیں گی ،جس حلقے میں جس جماعت کا رنر اپ تھا وہاں دوسری جماعت حمایت کرے گی ،ہم مسلم لیگ (ن)کی اور وہ پیپلزپارٹی کی حمایت کرینگے ،عام انتخابات میں جس حلقے میں پی پی پی کا امیدوار دوسرے نمبر پر آیا تھا اس حلقے میں مسلم لیگ (ن)ہمیں سپورٹ کرے گی اور جس حلقے میں مسلم لیگ (ن)کا امیدوار دوسرے نمبر پر تھا وہاں پی پی پی سپورٹ کرے گی۔وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان یہ فامولا طے ہوا ہے اسی فارمولے کے تحت پہلے بھی ضمنی انتخابات لڑے گئے اور اب بھی لڑے جائیں گے۔ دونوں جماعتیں سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ایک دوسرے کی اتحادی ہیں اور ضمنی انتخابات دونوں جماعتیں مل کر لڑیں گی اورکامیابی حاصل کریں گی۔