سموگ کیخلا ف پنجاب حکومت کے اقدامات‘ہائیکورٹ کی تعریف

موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد تمام سکول بچوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کریں: تحریری حکم نامہ جاری
 لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جبکہ عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد اسکولز بچوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرے، جو اسکول عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرے گا اس کو سیل کردیا جائے گا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔عدالت نے پنجاب حکومت کو موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد اسکول بچوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے تحریری حکم میں لکھا  محکمہ سکول ڈیپاٹمنٹ سکولز کو فائنل نوٹس جاری کرے، جو اسکول عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرے گا اس کو سیل کردیا جائے گا۔ تحریری حکم کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ پنجاب حکومت آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف فوری کاروائیاں کرکے مقدمات درج کیے جارہے ہیں، فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے لیے افسران کی ڈیوٹیاں لگائی ہے۔عدالتی حکم نامے کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نے احکامات نا ماننے پر پٹواری جڑانوالہ کو معطل کردیا، محکمہ ٹرانسپورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف پنجاب بھر میں کاروائیاں شروع کردی ہیں۔لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدراک سے متعلق پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔