صوبے کی پولیس کا دوسرے صوبے پرسرکاری وسائل سے حملہ قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے‘یہ کون سا احتجاج ہے جہاں سرکاری وسائل استعمال ہو رہے ہیں
مریم نوا ز سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹرکی ملاقات‘زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں، معیشت کی مضبوطی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے تعاون پر تبادلہ خیال
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پنجاب پولیس کے افسروں اور اہلکاروں پر حملے اورپولیس کانسٹیبل پرفائرنگ پرشدید غم وغصے کا اظہارکیا ہے۔جاری بیان کے مطابق وزیراعلی پنجاب نے پولیس پوسٹوں پرفائرنگ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس پی، ڈی ایس پی ایس ایچ او سمیت 20 سے زائد پولیس اہلکار وں کا حملوں میں زخمی ہونا افسوسناک ہے۔ مظاہرین کے پاس شارٹ مشین گن، آنسو گیس، چاقو، ماسک وغیرہ بھی دیکھے گئے۔انہوںنے کہا ایک صوبے کی پولیس کا دوسرے صوبے پرسرکاری وسائل سے حملہ قومی یک جہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے۔ یہ کون سا احتجاج ہے جہاں سرکاری وسائل استعمال کیا جارہے ہیں۔ احتجاج کی بجائے یہ تحریک مسلح دہشت گردی کی کاوش ہے۔دریں اثناوء مریم نواز شریف سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان ریزیڈنٹ مشن کی ڈاکٹر ایما ڑاؤچن فین نے ملاقات کی،ملاقات میں جاری ترقیاتی منصوبوں، معیشت کی مضبوطی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا-ملاقات میں زراعت، صحت، تعلیم، ماحولیاتی تحفظ اورڈیجیٹل ڈیویلپمنٹ پر تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا-جلال پور ایریگیشن پراجیکٹ اور کلین انرجی کے بارے میں بات چیت کی گئی-ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر ایما ڑاؤچن فین نے وویمن ایمپاورمنٹ اور پنجاب حکومت کے عوامی فلاحی اقدامات کو سراہا -وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی پنجاب کے مختلف منصوبوں میں مالی و تکنیکی معاونت کی تعریف کی-وزیراعلی مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اے ڈی بی کا تعاون عوام کی خوشحالی اور معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پنجاب حکومت سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے-انہو ں نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بنک کے ساتھ مزید اشتراک کار پنجاب میں ترقی کے مقاصد کو مزید تقویت دے گا