گیس ذخائرمیں سالانہ 1.7فیصدکمی ،بجلی پیکیج سے کپیسٹی پیمنٹس میں بھی ریلیف ملے گا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) گیس کے مقامی ذخائر میں مسلسل کمی جاری ، سالانہ بنیادوں پر گیس کے مقامی ذخائر 1.7 فیصد کی شرح سے گھٹ رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا حکومت نے منصوبہ بنایا ہے سردیوں میں صارفین کو بجلی پر منتقل کیا جائے گا۔ اس مقصد کو پورا کرنے میں بجلی سہولت پیکیج کا مرکزی کردار ہوگا۔ پیکیج کی کامیابی سے گیس کا استعمال کم ہو جائے گااور بجلی کی طلب بڑھے گی جس سے کپیسٹی پیمنٹس کے بوجھ میں بھی تھوڑا ریلیف ملے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے ملک بھر میں سالانہ بنیادوں پر گیس ذخائر میں 1.7 فیصد کمی جاری ہے ، مقامی ذخائر سے پیداوار 3200 ایم ایم سی ایف ڈی ہے جس میں 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فیلڈ کے کمپریسر استعمال کرلیتے ہیں جبکہ باقی 3 ہزار ایم ایم سی ایف ڈی سسٹم میں آتی ہے، جس میں سے 1450 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کھاد کارخانوں کو دی جاتی ہے جبکہ سوئی کمپنیوں کو 1500 سے 1600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جاتی ہے۔ باقی کمی کو پورا کرنے کیلئے 1 ہزار ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی درآمد کی جاتی ہے۔