کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اور پارٹی رہنماؤں کی اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں عوامی مسائل، ترقیاتی امور اور پارلیمانی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، رکن سندھ اسمبلی سردار خان چانڈیو اور قمبر کے ٹاؤن چیئرمین ریحان خان چانڈیو نے بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور سے ملاقات کی، جس میں اپنے حلقوں کے عوامی مسائل اور ان کے حل کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔اسی دوران قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے چیف وہپ اور رکن پارلیمان اعجاز خان جاکھرانی نے بھی پارٹی قیادت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایوان زیریں کے معاملات، قانون سازی اور پارلیمانی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
علاوہ ازیں، سندھ کے وزیر برائے امور توانائی سید ناصر حسین شاہ نے بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے اپنے محکمے کی کارکردگی اور جاری منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ان ملاقاتوں کو پارٹی ذرائع نے تنظیمی مشاورت اور عوامی رابطے مضبوط بنانے کا تسلسل قرار دیا ہے، جس کا مقصد سندھ میں گورننس کو بہتر بنانا اور پارلیمانی کردار کو مزید مؤثر بنانا ہے۔