کراچی: سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئرپرسن فریال تالپور نے سابق رکن قومی اسمبلی مرحوم بابل خان جکھرانی کی رہائش گاہ پر پولیس چھاپے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
فریال تالپور نے واقعے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ چھاپے سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے اور حقائق پر مبنی جامع رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کا خیال رکھنا ضروری ہے اور کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام معاملات کو قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق حل کیا جائے۔فریال تالپور کا کہنا تھا کہ ذاتی رنجشوں کو سیاست میں گھسیٹنے سے گریز کیا جانا چاہیے اور قانون کی بالادستی سمیت شہریوں کے احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کے تمام حقائق سامنے لائے جائیں تاکہ شفاف تحقیقات کے ذریعے اصل صورتحال واضح ہو اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔