بلاول بھٹو، فریال تالپور کی پیپلزپارٹی آزاد کشمیر رہنماؤں سے اہم ملاقات

بلاول بھٹو، فریال تالپور کی پیپلزپارٹی آزاد کشمیر رہنماؤں سے اہم ملاقات

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی اعلیٰ قیادت نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابی حکمت عملی پر اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور نے آزاد کشمیر کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیر فیصل ممتاز راٹھور، قائم مقام صدرچوہدری لطیف اکبر، چوہدری یاسین، میاں عبدالوحید، چوہدری یاسر سلطان، چوہدری ریاض سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، تنظیمی معاملات، عوامی رابطہ مہم اور آئندہ انتخابی مہم کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی قیادت نے رہنماؤں سے مختلف حلقوں کی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور تنظیمی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ بھی حاصل کی۔

ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر میں اپنی تنظیم کو مزید فعال بنائے گی، کارکنوں سے رابطوں کو مضبوط کرے گی اور آئندہ انتخابات کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت انتخابی مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر پارٹی قیادت نے آزاد کشمیر کے رہنماؤں کو عوامی رابطوں میں تیزی لانے، تنظیمی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور پارٹی منشور کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔