فریال تالپور کا دورہ لاہور مکمل، پیپلز پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں سے اہم ملاقاتیں

فریال تالپور کا دورہ لاہور مکمل، پیپلز پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں سے اہم ملاقاتیں

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی سربراہ فریال تالپور کا دورہ لاہور مکمل ہوگیا، جس کے بعد وہ اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئیں۔

 دورے کے دوران انہوں نے پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں، کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔فریال تالپور نے اپنے دورہ لاہور کے دوران پیپلز پارٹی کے سیاسی رہنماؤں، وکلا، کاروباری شخصیات، یوتھ اور خواتین ونگ کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں اور نمائندوں سے تبادلہ خیال کیا گیا۔فریال تالپور کے دورے کے موقع پر پیپلز پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت بھی لاہور میں موجود رہی اور مختلف تنظیمی ملاقاتوں میں شریک ہوئی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل ہمایوں خان، نیئر بخاری اور قمر زمان کائرہ نے بھی ملاقاتوں میں شرکت کی۔صوبائی قیادت کی جانب سے سید حسن مرتضیٰ اور شہزاد سعید چیمہ بھی تمام تنظیمی ملاقاتوں میں فریال تالپور کے ہمراہ موجود رہے۔