خاتونِ اول اور رکنِ قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔
آصفہ بھٹو نے اپنی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کی قومی مہم 26 مئی سے 1 جون تک جاری رہے گی، جس میں عوام خصوصاً والدین، اساتذہ، علماء، معززین اور میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے محفوظ بنانا ہے۔ اس کے لیے چار لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے تاکہ کوئی بچہ حفاظتی قطرے پلانے سے محروم نہ رہے۔
یاد رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق یہ مہم یکم جون تک جاری رہے گی، اور سندھ بھر میں 80 ہزار سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔آصفہ بھٹو زرداری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو مہم کا حصہ بنیں اور بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے تعاون کریں تاکہ پاکستان ایک پولیو فری ملک بن سکے۔