پاکستان پیپلزپارٹی حیدرآباد کی سرگرم خاتون کارکن صباء حیدر انتقال کر گئی ہیں۔
وہ علالت کے باعث کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے صباء حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ صباء حیدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھٹو ازم کے نظریے کی ترویج کے لیے غیرمعمولی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ جوان اولاد سے جدائی کسی بھی والدین کے لیے ناقابلِ برداشت صدمہ ہوتی ہے۔انہوں نے مرحومہ کے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ رنج و غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے بھی صباء حیدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی سیاسی اور سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔