طوفان سے دن میں اندھیرا چھا گیا ،لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بجلی کا نظام درہم برہم

طوفان، بارش  سے تباہی،13 ہلاک سینکڑوں زخمی
 کئی فیڈرز ٹرپ، اورنج ٹرین، موٹرویز بند، پروازیں متاثر،نجی پرواز کئی منٹ آندھی میں پھنسی رہی،مسافروں کی چیخیں،پانی گھروں میں داخل،کئی جگہ ژالہ باری،چھتیں، دیواریں ، درخت گرنے سے لاہور  جہلم  ، شیخوپورہ، ننکانہ، شکرگڑھ، کامونکے میں ہلاکتیں 
اسلام آباد، لاہور،جہلم(خصوصی رپورٹ،کرائم رپورٹر)لاہور سمیت پنجاب میں شدید آندھی ، بارش اور ڑالہ باری نے تباہی مچا دی،13افراد جاں بحق، سینکڑوں   زخمی ہو گئے۔لاہور موسم کی خرابی اور آندھی کے بعد میٹرو اورنج لائن ٹرین بند اور سٹیشنز خالی کروا لیے گئے جبکہ تیز آندھی اور طوفان اور بارش کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہو گیا۔نجی ایئرلائن کی پرواز کئی منٹ تک آندھی کی زد میں رہی،شدید جھٹکوں سے مسافروں کی چیخیں نکل گئیں،فلائی جناح کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز کا رخ دوبارہ واپس کراچی موڑ دیا گیا، کراچی سے لاہور آنے والی پرواز 842 لاہور کی فضائی حدود سے چکر لگانے کے بعد رن وے کلیئر نہ ہونے کے باعث طوفان کی شدت کے باعث کنٹرول ٹاور میں فلائی جناح کی پرواز کا رخ واپس کراچی کی طرف موڑنے کی ہدایت دے دی گئی۔پی آئی اے کی اسلام آباد لینڈ کرنے والی پرواز 6385 کا رخ بھی واپس موڑ دیا گیا۔پی آئی اے کی پرواز 6385 اسلام آباد کو موسم خراب ہونے کے باعث لاہور کی طرف موڑا تو کنٹرول ٹاور نے لاہور کا موسم خراب ہونے پر طیارے کو لاہور سے واپس بھجوادیا، ایئر بلیو کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز 405کو رن وے سے واپس بلا لیا گیا۔ شدید گردوغبار کے باعث موٹرویز کئی جگہ پر بند کردی گئیں،ترجمان موٹروے کے مطابق موٹروے ایم تھری کو فیض پور سے درخانہ تک جبکہ ایم ٹو کو ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک اور سیالکوٹ موٹروے کو بند کیا گیا۔لاہور کے چڑیاگھر کی پارکنگ میں درخت گرگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، رائیونڈ روڈ، بھوبتیاں چوک کے قریب دیوار گر نے سے 25 سالہ عثمان اور 20 سالہ حسنین زخمی ہوگئے۔اپرمال میں 2 ،لکشمی چوک ،مغلپورہ ،تاجپورہ اور چوک ناخدا میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوگئی جبکہ سہ پہر 5 بج کر 8منٹ سے شروع ہونے والی بارش اوسطا ًصفر عشاریہ چار لی میٹر ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح جیل روڈ، ایئر پورٹ ،گلبرگ اور نشتر ٹان میں ہلکی بارش جبکہ پانی والا تالاب ،فرخ آباد، گلشن راوی، اقبال ٹان ،سمن آباد اور جوہر ٹان میں شدید بارش سے بجلی کا نظام متاثر ہوا، تیز آندھی اور بارش کے باعث این ٹی ڈی سی 220 کے وی بند روڈ، غازی اور کوٹ لکھپت سمیت لیسکو کے 60 سے زائد گرڈ سٹیشن بند لیسکو کے بیشتر علاقوں میں بجلی بند رہی۔اسلام آباد میں متعدد درخت ٹوٹ گئے جس سے سڑکیں و گلیاں بند ہو گئیں جبکہ مو سلا دھار بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔قائد اعظم یونیورسٹی میں ریستوران کی چھت گر گئی۔جہلم میں دیواریں اور درخت گرنے سے خاتون سمیت 3افراد جاں بحق اور10سے زائد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق گل افشاں کالونی میں درخت کے نیچے دب کر نوجوان، ویسٹ کالونی میں چھت گرنے سے خاتون ، ڈھوک وہاب دین میں دیوار گرنے سے ہوٹل کا ویٹر جاں بحق ہوگیا۔شکرگڑھ میں12سالہ لڑکا ذیشان جمپنگ جھولے پر کھیلتے ہوئے تیز ہوا کے باعث نیچے گر کر جاں بحق ہوگیا۔کامونکے کے نواحی گائوں تولیکی ورکاں کی 12سالہ لڑکی مومنہ پر پختہ اینٹوں کی شیڈ گر گئی ، لڑکی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔شیخوپورہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ننکانہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔اٹک میں کچیمکان کی چھت اور دیوار گرنے سے تین خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔گوجرانوالہ میں 8افراد زخمی ہوئے، دھلے میں مسجد کی دیوار گرنے سے 3افراد قمر ،عبداللہ اور ریحان ، سیٹلائیٹ ٹائون مارکیٹ میں سائن بورڈ گرنے سے 2 خواتین ، بٹرانوالی میں گھر کی چھت گرنے سے 2 افراد، جنڈیالہ ڈھاب والا میں درخت گرنے عرفان نامی شخض زخمی ہو گیا۔وزیر آباد میں طوفان کے باعث درخت، دیواریں اور بجلی کے کھمبے گرنے کے واقعات سامنے آئے، محلہ شیرو میں طوفان کے باعث بجلی کا کھمبا کار اور پک اپ پر گر گیا جبکہ ہائی وولٹیج تاریں ٹوٹ گئی۔سرگودھا میں بھی شدید بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،چونیاں، پیر محل اور اطراف کے علاقوں میں بھی متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ابتدائی رپورٹ کے مطابق آندھی اورطوفان سے 13افراد جاں بحق اور97 زخمی ہوئے،وزیراعلیٰ مریم نواز نے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور ریسکیو کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا،وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں واسا افسروں کو خود فیلڈ میں پہنچنے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ پانی کا نکاس یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔محکمہ مو سمیات کے مطابق آئندہ 24سے 36 گھنٹوں کے دوران آند ھی، جھکڑ،گرج چمک ، ڑالہ باری اورموسلادھار بارش کے باعث کمزور انفراسٹرکچر (بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں، سولر پینل وغیرہ) کو نقصان کا اندیشہ ہو سکتا ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش اٹک میں 48، اسلام آباد(سٹی 38، گولڑہ 13، بوکرا 6،ائرپورٹ5، سید پور 3)، راولپنڈی (شمس آباد 36، چکلالہ 20) جوہرآباد 16، منگلا 14، چکوال 12، مری 11، جہلم 7، منڈی بہاالدین 7، سیالکوٹ(سٹی 5، ائرپورٹ2)، شیخوپورہ، گوجرانوالہ2، گجرات ایک ، مالم جبہ 21، سیدو شریف 14، کاکول 8، لوئر دیر 5، تخت بھائی ایک، کوٹلی 13، راولاکوٹ 12، گڑھی دوپٹہ2، لسبیلہ 5، بار خان اور سبی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سیزیادہ درجہ حرارت کے مطابق جیکب آباد میں درجہ حرارت 50،سبی49، دادو ، موہنجوداڑو، روہڑی ،لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد میں 47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شیخوپورہ میں فیکٹری کی چھت گرنے سے صادق آباد کے گائوں کا رہائشی مزدور شہزاد احمدجاں بحق 5افراد مبشر علی ،شیرخان،عمران علی،عرفان علی ،محمد بوٹاشدید زخمی ہوگئے۔کوٹ عبدالمالک میں 40سالہ سلمیٰ بی بی دیوار گرنے سے زخمی ہوگئی۔صوبائی دارالحکومت میں طوفانِ بادوباراں کے باعث ریسکیو1122 کو شہر کے مختلف مقامات سے گھروں کی چھتوں سے گرنے کی 6 کالز موصول ہوئیں جن میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو ایمرجنسی ایمبولینسز میں طبی امداد دیتے ہوئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ پہلا واقعہ پارک ویو سٹی ملتان روڈ پر پیش آیا جس میں دو مزدور 38 سالہ نوید اور 45سالہ رمضان زیر تعمیر مکان کی چھت سے گر کر شدیدزخمی ہوگئے، دوسرا واقعہ  ایل ڈی اے سگنل رائیونڈ روڈ سیموصول ہوئی جس میں گھر کی تیسری منزل سے گر کر 21سالہ علی حسن شدیدزخمی گیا، تیسرا واقعہ جزاک سٹی ملتان روڈ میں پیش آیا جہاں زیر تعمیر گھر کی تیسری منزل سے گر کر مزدور 40 سالہ زاہد موقع پر ہی دم توڑ گیا،چوتھا واقعہ برکی روڈ کے علاقہ میں پیش آیا جہاں گھر کی پہلی منزل سے گر کر 16 سالہ عمیر شدید زخمی ہوگیاپانچواں واقعہ انڈس ہسپتال  رائیونڈ کے پاس پیش آیا جہاں آندھی کے باعث گرتی دیوار کی زد میں آکر 55 سالہ کبریٰ بی بی شدید زخمی ہوگئیں، چھٹا حادثہ چونگی امد سدھو کے علاقہ میں پیش آیا جہاں چھت سے گر کر60سالہ نذیر موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 50 سالہ رمضان شدید زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد دیتے ہوئے بلترتیب ٹی ایچ کیو رائے ونڈ، جناح، انڈس،ایل جی ایچ، سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق ہونے والے زاہد کی نعش فاروق ہسپتال ٹھوکر اور نذیر کی نعش ایل جی ایچ پہنچائی گئیں،علاوہ ازیں متعدد مقامات جن میں پر طوفان باد کے باعث درختوں کے گرنے کے حادثات بھی پیش آئے تاہم کسی زخمی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ریسکیو1122 کا عملہ شاہراہوں پر موجود ہے اور گرے ہوئے درختوں سڑکوں سے ہٹانے میں مصروف ہے۔