انارکلی ،اردو بازار ،ہال روڈ ودیگر تجارتی مراکز کئی فٹ پانی میں ڈوبے رہے
لاکھوں کا سامان خراب ،گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں پانی میں بند ہوتی رہیں
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور سمیت دیگر مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا جس سے نظام زندگی معطل ہو گیا، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، کئی مقامات پر بارش کا پانی تجارتی مراکز کے تہہ خانوں،دکانوں اور لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا ، شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی جبکہ کئی مقامات پرگاڑیاں بند ہونے سے بدترین ٹریفک جام رہا ، بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اور فیڈرز ٹرپ ہونے سے گھنٹوں بجلی بند رہی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت کئی مقامات پر سہ پہر کے وقت تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو ئی ، تقریباً دو گھنٹے سے زائد وقت تک مسلسل ہونے والی بارش سے نشیبی علاقے زیرآ ب آ گئے ، کئی مقامات پربارش کا پانی تجارتی مراکز کے تہ خانوں ، دکانوں اور لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جس سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان خراب ہو گیا۔بارش سے انارکلی بازار ،پیپر مارکیٹ ،سرکلر روڈ تالاب ،اردو بازار ،داتا دربار سے پلاسٹک دانہ مارکیٹ سرکلر روڈ ،پرانی مچھلی منڈی ،ہال روڈ مارکیٹ، اسامہ سنٹر چوک سمیت دیگر تجارتی مراکز کئی کئی فٹ پانی میں ڈوبے رہے جس کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ ریلوے سٹیشن کے قریب بورڈ والا چوک اور حاجی کیمپ بھی پانی میں ڈوبے رہے،بارش کے باعث لاہور کی اہم شاہراہیں بھی پانی میں ڈوب گئیں جس کی وجہ سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی ، کئی مقامات پربارش کے کھڑے پانی میں گاڑیاں او رموٹر سائیکلیں بند ہوتی رہیں جس کی وجہ سے لوگ دھکا لگا کر ورکشاپ تک پہنچے ، اس دوران موبائل ورکشاپ والوں کی چاندی رہی جو گاڑیاں اورموٹرسائیکل سٹارٹ کرنے کے منہ مانگے دام وصول کرتے رہے۔ شہر میں موسلا دھار بارش سے لیسکو کے 80 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی۔