لیسکو کے 80 فیڈرز ٹرپ، مری میں لینڈ سلائیڈنگ، الرٹ جاری،ڑالہ باری، پختونخوا میں سیلاب کا خدشہ
لاہور ( کرائم رپورٹر) ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کے بعد لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ بعض مقامات پر ڑالہ باری بھی ہوئی۔ چنیوٹ میں چھت گرنے سے ماں جاں بحق جبکہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی، خیبر پختونخوا میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ آج بھی کئی علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور شمالی و وسطی بلوچستان میں گرج چمک اور تیز ہواو?ں کے ساتھ بارش ہوئی۔ پنجاب میں سب سے زیادہ بارش اٹک میں 61 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ راولپنڈی، چکوال، مری، حافظ آباد، فیصل آباد اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔ خیبر پختونخوا میں مالم جبہ اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے موسم سرد ہوگیا۔لاہور میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور نظام زندگی متاثر رہا۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 80 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی معطل رہی۔دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی بجلی کا نظام متاثر ہوا اور پشاور، مردان، صوابی اور سوات میں کئی فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔مری اور گردونواح میں گزشتہ آٹھ روز سے جاری طوفانی بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ہائی رسک الرٹ جاری کر دیا ہے اور بعض علاقوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلیات میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ ڑالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران خیبر پختونخوا میں اب تک درجنوں افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔