گجرات کے، مہاراشٹرا اور گووا کے ساحلی اضلاع میں انتہائی شدید بارشوں کی پیش گوئی ، ریڈ الرٹ جاری
نئی دہلی (آئی این پی )بحیرہ عرب میں پیدا ہونے والے طوفان نے بھارت میں تباہی مچادی ، جہاں شدید بارشوں نے دارالحکومت نئی دہلی کو شدید متاثرکیا ہے ۔ دہلی این سی آر میں حالیہ طوفان کے بعد ایک بار پھر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔حالیہ دنوں میں بحیرہ عرب میں بننے والے ایک ممکنہ طوفان نے بھارت کے مغربی ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں اور نقصان کا سبب بنا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات آئی ڈی ایم کے مطابق، بحیرہ عرب کے مشرقی وسطیٰ حصے میں ایک کم دبائو کا نظام تشکیل پایا ہے، جو شدید ڈپریشن میں تبدیل ہوچکا ہے۔ اس موسمی نظام کے اثرات سے مہاراشٹرا اور گووا کے ساحلی اضلاع میں انتہائی شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر ان علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ممبئی میں بھی اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، اور ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔جبکہ اتوار کی علی الصبح آنے والی طوفانی بارشوں نے دہلی اور مضافات میں جس پیمانے پر تباہی مچائی۔ موسلا دھار بارش، تیز ہوائیں، گرج چمک اور بجلی کے جھماکوں نے پوری دہلی کو ہلا کر رکھ دیا۔بارش اور طوفانی ہوائوں نے زندگی کا نظام درہم برہم کر دیا۔ متعدد علاقوں میں پانی بھر جانے سے ٹریفک جام رہا، گاڑیاں بند ہو گئیں اور زیرِآب راستے ناقابلِ استعمال ہو گئے۔درجنوں گاڑیاں اور ایک بس پانی میں ڈوب گئی۔ اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 100 سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں جن میں سے تقریبا 49 کو دیگر شہروں کی طرف موڑنا پڑا، ہزاروں مسافر گھنٹوں ہوائی اڈوں پر پھنسے رہے۔ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، بجلی کے کھمبے گِر گئے اور متعدد گھروں و دکانوں کو نقصان پہنچا،سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں۔