بریک ڈائون کانز فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے دوران ہوا، ممکنہ آتشزدگی کی تحقیقات جاری
پیرس(آئی این پی )جنوبی فرانس کے شہر کانز اور آس پاس کے علاقوں میں اچانک بجلی کا بڑا بریک ڈائون اس وقت پیدا ہوا جب دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کانز فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب اور پالم ڈی آر ایوارڈ کی تیاری عروج پر تھی۔ فرانسیسی حکام کے مطابق یہ واقعہ ممکنہ طور پر آتشزدگی کا نتیجہ ہو سکتا ہے، اور اس کی باقاعدہ تحقیقات جاری ہیں۔فرانسیسی نیشنل ژاندرمری کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کانز کے قریب ایک بجلی کے سب سٹیشن میں آگ بھڑکنے سے گرڈ کمزور ہوا، جس کے بعد ایک اور مقام پر ہائی وولٹیج لائن گر گئی۔ اس واقعے کے نتیجے میں تقریبا ایک لاکھ ساٹھ ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی، جبکہ کانز اور قریبی شہر آنٹیب میں ٹریفک لائٹس بند ہو گئیں، جس کے باعث شہر میں ٹریفک جام اور افراتفری کی کیفیت پیدا ہو گئی۔ ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی جبکہ سی نیئم جیسے سیٹلائٹ سنیما ہالز میں فلموں کی نمائش وقتی طور پر معطل رہی۔