پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کے باعث پوری قوم کو فخر ہے:راجا پرویز اشرف

بلاول بھٹو بھارتی جارحیت کا پول کھولنے کے لیے عالمی سطح پر پاکستان کا موقف مضبوط کریں گے،سابق وزیراعظم
اسلام آباد (آئی این پی )سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کے حکومت کے فیصلے کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف حکومت کے لیے قابل ستائش ہے بلکہ پوری قوم کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ایک انٹرویو میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے اپنی قیادت میں پاکستان کی فوج کو مضبوط بنایا اور ہندوستان کے ساتھ جنگی میدان میں کامیابیاں حاصل کیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کے باعث پوری قوم کو فخر ہے اور یہ فیصلہ قوم کی دل کی خواہشات کی تکمیل ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر بھارت جنگ چھیڑتا ہے تو پاکستانی فوج کے بہادر جوان ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ راجا پرویز اشرف نے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے انٹرنیشنل میڈیا پر پاکستان کا مقدمہ لڑنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی جارحیت کا پول کھولنے کے لیے عالمی سطح پر پاکستان کا موقف مضبوط کریں گے۔