وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات کوشش ہے کشیدگی کو بڑھنے سے روکا جائے شہبازشریف
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی‘نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف،طارق فاطمی اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی شریک ہوئے
کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز پاکستان کے سفیر ہیں، پاکستان یورپی یونین کی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے:کاروباری شخصیات ‘ صدر یورپی کونسل اور صدر یورپی کمیشن سے ملاقاتوں میں گفتگو
نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی ہے۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی شریک تھے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاکستان ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف امریکا اور ایران کے درمیان دیرپا امن کے لیے پْرامید ہیں، کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کیا۔یو این جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد غیر متوقع واقعات سے امن عمل متاثر ہوا، ایران، اْس کے ہمسایہ ممالک اور امریکا کے درمیان پاکستان مخلص اور دیانت دار ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، کوشش ہے کشیدگی کو بڑھنے سے روکا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری توجہ اسی معاملے پر ہے، امید نہیں چھوڑی ہے، امریکا اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات کے سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ یہ جاری عمل ہے، تمام دوست ممالک امن کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔دریں اثناء وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم پاکستانی برداری اور نوجوانوں کے وفود کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیرِاعظم شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور سماجی آنٹرپرونیورز کے ساتھ ساتھ مختلف یوتھ این جی اوز کے سربراہان اور پروفیشنلز شریک تھے۔ وزیرِاعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں بہتری کیلئے تجاویز دینے اور پاکستان کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں، پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر سکھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں‘شہباز شریف سے امریکا میں مقیم مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز نے ملاقاتیں کی ہیں۔ملاقات کے موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز پاکستان کے سفیر ہیں، حکومت کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے صدر یورپی کونسل انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور صدر یورپی کمیشن ارسلا گرتروڈ وان ڈیر لیین سے ملاقات کی ہے، اور کہا کہ پاکستان یورپی یونین کی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔ یہ ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔ جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا گیا