پاکستان ہمسایہ ممالک کیساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں، لیکن جنگ کی صورت میں ایسا جواب ملے گا دنیا یاد رکھے گی
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھارت نے خطے کے امن کو بگاڑنے کی مذموم سازش کی ہے۔ پہلگام حملے پر شفاف انکوائری کی دنیا بھر کو دعوت دی ہے۔ حکومت پاکستان نے دنیا کے سامنے بھارتی مکروہ چہرہ بے نقاب کیا ہے۔بھارتی فالس فلیگ آپریشن کی حقیقت دنیا پر آشکار ہو چکی۔ وہ یہاں پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر اعجاز احمد سماں کی رہائشگاہ پر مرکزی رہنما پیپلز پارٹی چودھری امتیاز صفدر وڑائچ، سید حسن مرتضیٰ کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔راجا پرویز اشرف نے کہا کہ سیالکوٹ پی پی 52 ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی بہترین رزلٹ دے گی، پنجاب میں تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے لیکن جنگ کی صورت میں بھارت کو ایسا جواب ملے گا کہ دنیا یاد رکھے گی۔ جعفر ایکسپریس حملے میں بھارتی شمولیت کے ثبوت موجود ہیں۔ بھارت ایک عرصے سے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے اور اس کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کوئی ملک بھی جنگ نہیں چاہتا۔ ہم اس وقت بہترین خارجہ پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔ عالمی دنیا کو پہلگام واقعے کی حقیقت سے آگاہ کر چکے۔ جنگ مسلط کی گئی تو قوم سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی۔ امتحان کی صورت میں بھارت کو دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں۔ حکومت قوم اور افواج پاکستان متحد ہیں۔ اس موقع پر سینئر رہنما پیپلز پارٹی مختار احمد چیمہ، سابق ایم پی اے تسنیم ناصر گجر، آصف بھاگٹ، محمد مشتاق گجر، طارق سلطان، ذوالفقار میر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔