لاہور میں ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قاسم خان کی اپنے والد سے آدھا گھنٹہ فون پر بات کرائی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ قاسم خان بیرون ملک پاکستان کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ماضی میں مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، تاہم موجودہ حکومت کے دور میں معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی برآمدات میں 108 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں نے نمایاں ترقی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت اطلاعات کی جانب سے جی ایس پی اسٹیٹس کے معاملے پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بانی پی ٹی آئی کے دونوں بیٹوں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں بی این ایم کے رہنما نسیم بلوچ اور غیر ملکی شہری ذوالفقار بخاری بھی موجود تھے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ رشتوں کا غلط استعمال کیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ قاسم خان کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے والد جیل میں کیوں ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کے خلاف کام کرنے والے خود کو پاکستانی نہیں کہہ سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات اور دھرنوں میں ملوث افراد کا طرز عمل قابل قبول نہیں، جبکہ حکومت نے جیل میں بانی پی ٹی آئی کو وہ سہولیات فراہم کیں جو کسی اور قیدی کو نہیں دی گئیں۔ عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ حالیہ تقریب دراصل ایک اور 9 مئی ثابت ہو سکتی ہے۔