لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جیسی بات کریں گے، ویسا جواب آئے گا، اور سندھ اور پنجاب کے درمیان فرق "راکٹ سائنس" نہیں ہے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پر 17 سال کے 17 پروجیکٹس کے بارے میں سوال اٹھایا اور کہا کہ وہ لاہور آئیں تو انہیں شہر کی سیر کرائیں گی۔عظمیٰ بخاری نے ندیم افضل چن پر بھی تنقید کی کہ انہوں نے سیلاب متاثرین کے حوالے سے لغو الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران پنجاب نے ہمیشہ بڑا بھائی ہونے کا کردار ادا کیا اور مشکل وقت میں بھی لوگوں کی مدد کی، جبکہ دیگر صوبوں نے سیاست کی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ مون سون کی بارشیں معمول سے 39 فیصد زیادہ ہوئی، لاہور میں 803 ملی میٹر بارش ہوئی، اور 47 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سول ڈیفنس کے ملازمین کی تنخواہوں میں 15 ہزار روپے اضافہ اور اضافی اخراجات کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔