اوپن مارکیٹ میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں سرکاری نرخوں سے تجاوز کر گئی ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نرخنامے پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔
دودھ، دہی، گوشت، پھل اور سبزیاں من مرضی کے نرخوں پر فروخت ہو رہی ہیں، جس سے شہری مہنگائی کے شدید دباؤ کا شکار ہیں۔دودھ سرکاری نرخ 170 روپے فی کلو کے بجائے 230 روپے میں دستیاب ہے۔دہی 180 روپے کے بجائے 240 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔گائے کا گوشت سرکاری قیمت 800 روپے کے بجائے 1200 روپے فی کلو، جبکہ بکرے کا گوشت 1600 روپے کے بجائے 2600 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔پھل اور سبزیاں بھی سرکاری نرخنامے سے بلند قیمتوں پر دستیاب ہیں، اور کئی دکاندار نرخنامے آویزاں کرنے کے باوجود اس پر عمل نہیں کر رہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں مؤثر نہیں ہیں، جس کی وجہ سے گراں فروشی میں اضافہ ہوا ہے۔ عوام نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور گراں فروشوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔