مہنگائی میں کمی کے دعوؤں کے باوجود شہریوں کی مشکلات برقرار ہیں، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کو بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں خاطر خواہ ریلیف نہیں مل سکا۔
لاہور کی اوپن مارکیٹ میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا بدستور مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں، جس پر شہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔مارکیٹ میں گھی، کوکنگ آئل، چاول، گرم مصالحہ جات اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں، جس کے باعث شہری سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی کے منتظر ہیں۔اوپن مارکیٹ میں گھی کی مختلف اقسام 490 سے 610 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہی ہیں، جبکہ کھلی چینی 160 روپے اور پیک شدہ چینی 190 روپے فی کلوگرام میں دستیاب ہے۔
اسی طرح مختلف اقسام کے چاول 320 سے 640 روپے فی کلوگرام تک فروخت کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی بنیادی غذائی اشیا بھی کم آمدنی والے خاندانوں کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے، ناجائز منافع خوری کی روک تھام اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔