وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، کم لاگت گھروں کی فراہمی اور روزگار کے مواقع پر جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اپنا گھر ہر شہری کا حق ہے اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے فائدہ اٹھانے کے لیے رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔انہوں نے بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری معیشت کا پہیہ چلائے گی اور روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کرے گی۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیرات و رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قابلِ عمل حکمت عملی مرتب کی جائے، جس میں پبلک و پرائیویٹ سیکٹر، صوبے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہوں۔اجلاس میں ٹاسک فورس اور ورکنگ گروپس کی تجاویز پر بریفنگ دی گئی، جبکہ منظور شدہ اقدامات کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے خصوصی اقدامات، قانونی اصلاحات اور کم لاگت رہائشی منصوبوں کے لیے قرضوں کا نظام تیار کیا جا رہا ہے۔ بینکوں کو آئندہ مرحلے میں اہداف دیے جائیں گے، جبکہ مارگیج فنانس کا مکمل ایکو سسٹم اور ڈویلپر لیڈ فنانسنگ کے جامع نظام کی تیاری بھی جاری ہے۔وزیرِ اعظم نے رہائشی تعمیرات کے شعبے کی ترقی کے لیے جامع اقدامات کو جلد حتمی شکل دے کر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک، صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندے، نجی شعبے کے ماہرین اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔