لاہور(کر ائم رپو رٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے صوبہ بھر میں قائم سمارٹ سیف سٹیز انٹیگریٹڈ سسٹم نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کروا دیا۔ جدید ٹیکنالوجی، ڈیٹا اینالیسس اور مربوط کیمرا نیٹ ورک کی مدد سے ملزمان کو فرار کے دوران ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملزمان واردات کے بعد اسلام آباد سے ٹیکسلا کی جانب فرار ہو رہے تھے اور گرفتاری سے بچنے کیلئے گاڑی کا نمبر بار بار تبدیل کر رہے تھے۔ سمارٹ سیف سٹی ٹیکسلا کے ورچوئل پیٹرولنگ آفیسر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشکوک گاڑی کو بلیک لسٹ کر دیا اور جدید کیمرا سسٹم کے ذریعے اس کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی شروع کر دی۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق، گاڑی کی ٹریسنگ کے دوران ملزمان کی حسن ابدال کی جانب نقل و حرکت کا پتہ چلا، جس پر سیف سٹی ٹیکسلا نے فوری طور پر سمارٹ سیف سٹی حسن ابدال کو اطلاع فراہم کی۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس سمارٹ سیف سٹی حسن ابدال کے کیمرا نیٹ ورک نے مشکوک گاڑی کو کامیابی سے ٹریس کر لیا۔ورچوئل پیٹرولنگ آفیسر کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں فیلڈ پولیس کو فوری الرٹ جاری کیا گیا، جس پر ٹیکسلا اور حسن ابدال پولیس نے م¶ثر ناکہ بندی کرتے ہوئے مشکوک گاڑی کو روک لیا۔ کارروائی کے دوران راہزنی میں ملوث ملزمان کو موقع پر گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ترجمان سیف سٹی نے مزید کہا کہ جدید ڈیٹا اینالیسس سسٹم، سمارٹ کیمروں اور مربوط مانیٹرنگ نیٹ ورک کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف م¶ثر کارروائیاں جاری ہیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ سیف سٹی شہریوں کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔