2380 عدالتی مفروران اور 936 عادی مجرمان کو گرفتار کیا گیا : سی سی پی او بلال
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے اشتہاری، عادی مجرمان اور عدالتی مفروران کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے رواں سال کے دوران بڑی تعداد میں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 4137 اشتہاری مجرمان، 2380 عدالتی مفروران اور 936 عادی مجرمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کامیانہ کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور شہر میں امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ان اشتہاری مجرمان کی گرفتاریاں پولیس کی مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہیں، جن سے زیرِ التواء مقدمات کو بروقت نمٹانے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیومن انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا کر جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔سی سی پی او لاہور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی لاہور پولیس کا اولین مشن ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔