لاہور(کرائم رپورٹر)شاہدرہ ٹاؤن میں شادی کی ایک تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کے باعث فہیم نامی شہری زخمی ہو گیاپولیس کے مطابق فائرنگ سے گلی میں موجود شہری فہیم کے بازو پر گولی لگی، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث دو ملزمان، واصف اور عثمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عثمان کے قبضے سے پسٹل اور گولیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔گرفتاری کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی کے ساتھ مزاحمت بھی کی، تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں کو قابو کر لیا۔ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزمان کے خلاف اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ ایک جان لیوا عمل ہے، شہری اپنی خوشیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ایسے خطرناک اقدامات سے گریز کریں۔ایس ایچ او شاہدرہ ٹاؤن رضوان چیمہ کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔