لاہور میں رات گئے بارش سے موسم خوشگوار، مزید بارش کی پیشگوئی

لاہور میں رات گئے بارش سے موسم خوشگوار، مزید بارش کی پیشگوئی

لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ صبح کے اوقات میں ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید تیز بارش کی پیشگوئی بھی کر دی ہے۔ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، کچا جیل روڈ، ماڈل ٹاؤن اور پیکو روڈ کے اطراف رات گئے بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے جبکہ شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 49 سے 65 فیصد کے درمیان رہا جبکہ ہوا 6 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی مغربی ہواؤں کا سسٹم اثر انداز ہو رہا ہے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ صدر، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، بلدیہ اور سائٹ کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ 29 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ پورا ہفتہ موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔