لاہور میں رات گئے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ شہر میں آج سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج بارش کے 70 فیصد امکانات ہیں۔ اس وقت 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث موسم نسبتاً مرطوب رہے گا۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو سے تین روز کے دوران اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔