لاہور: شہر میں رات گئے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
لاہور کے گڑھی شاہو، دھرم پورہ، مغلپورہ، ہربنس پورہ، لال پل، فتح گڑھ، مسلم ٹاؤن، اچھرہ، جین مندر، چوبرجی، ملتان روڈ، ماڈل ٹاؤن، گرین ٹاؤن، کوٹ لکھپت اور نشتر سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کا مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور شہر کے بعض علاقوں میں مزید بارش ہوسکتی ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 22 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ ہوا 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے جبکہ نمی کا تناسب 92 فیصد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بھی آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
اسلام آباد میں بعض مقامات پر تیز بارش، آندھی اور گرج چمک کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 18 ستمبر تک بالائی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو بارش کے دوران ندی نالوں، انڈر پاسز اور نشیبی راستوں سے گزرنے میں احتیاط کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔