لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی۔
کہیں ہلکی جبکہ کہیں تیز بارش نے شہریوں کو حبس اور گرمی سے وقتی ریلیف فراہم کیا۔بارش واپڈا ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، گلبرگ، ڈیفنس، او پی ایف سوسائٹی، ایل ڈی اے ایونیو، فیصل ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، رنگ روڈ، فیروز پور روڈ اور ملحقہ علاقوں میں ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد متعدد شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی رفتار بھی متاثر ہوئی، جبکہ شہریوں نے ٹھنڈے موسم سے لطف اٹھایا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بھی لاہور میں مزید بارش کا امکان ہے اور شہر میں بارش کے 70 فیصد امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ محکمہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 اور کم سے کم 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
ادھر شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث موسم مرطوب ہونے کے باوجود خوشگوار محسوس کیا جا رہا ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا موجودہ سلسلہ آئندہ چند روز تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ شہریوں کو موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔