کورونا دور کی طرز پر سمارٹ لاک ڈائون کے نفاذ کا امکان

امریکہ ، ایران مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں لاک ڈاون کی تجویز پر عملدرآمد روک دیا جائیگا
اسلام آباد (آن لائن)مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور ممکنہ توانائی بحران سے کیسے نمٹا جائے؟اس موضوع پر  وفاقی وزارتوں نے مختلف تجاویز تیار کر لی ہیں۔ذرائع کے مطابق کورونا دور کی طرز پر سمارٹ لاک ڈاون کے نفاذ کا امکان ہے جبکہ حالات ابتر ہونے کی صورت میں فیول راشننگ کی تجویز بھی تیارکی گئی ہے اوروزیر اعظم نے صوبوں سے تجاویز طلب کر لی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ لاک ڈاون کے لیے تمام صوبوں کے مابین اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ذرائع کے مطابق سرکاری اجلاس ورچوئل طریقے سے منعقد کیے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں کووڈ 19 وبا کے دوران اپنائے گئے طریقہ کار کی طرز پر تعطیلات کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔وفاقی حکومت نے پہلے، دوسرے اور تیسرے مرحلے پر مشتمل حکمت عملی تیار کر لی ہے ‘تیس سے چالیس تجاویز تیار کر لی گئیں ‘تمام تجاویز حتمی منظوری کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کو پیش کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق لاک ڈاون کے حوالہ سے تجاویز کو فی الحال ایران، امریکا مذاکرات تک موخر کیا گیا ہے۔مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں لاک ڈاون کی تجویز پر عملدرآمد روک دیا جائے گا جبکہ کفایت شعاری کے بعض اقدامات کو مستقل بنانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔