تاجروں کا سمارٹ لاک ڈائون کیخلاف آج سے مکمل شٹر ڈائون کا فیصلہ

 مری کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں مکمل طور پر بند رہیں
 مری(آئی این پی )مری میں تاجروں نے اسمارٹ لاک ڈائو ن کے خلاف اعلانِ جنگ کرتے ہوئے آج (منگل ) سے مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔تفصیل کے مطابق مری کی مرکزی انجمن تاجران نے حکومت کی جانب سے لگائے گئے اسمارٹ لاک ڈائون کو مسترد کرتے ہوئے منگل سے غیر معینہ مدت تک کے لئے مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔تاجروں کا مطالبہ ہے کہ مری کی سیاحتی اہمیت کے پیشِ نظر اسے لاک ڈائون سے استثنی دیا جائے۔مرکزی انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ آج صبح سے مری کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں مکمل طور پر بند رہیں گی۔تاجر رہنمائو ں نے کہا کہ مری ایک سیاحتی مقام ہے جہاں معیشت کا دارومدار سیاحت پر ہے۔ اسمارٹ لاک ڈان سے مقامی کاروبار تباہ ہو رہا ہے، اس لیے جب تک استثنی نہیں ملتا، ہڑتال جاری رہے گی۔تاجروں کی اس احتجاجی کال کو مزید تقویت اس وقت ملی جب ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی شٹر ڈائون ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا، ٹرانسپورٹرز کے شامل ہونے سے مری میں آمد و رفت اور سیاحتی سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ ہونے کا خدشہ ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ مری کے لیے مخصوص معاشی پیکیج یا نرمی کا اعلان کرے تاکہ سیاحوں کی آمد کا سلسلہ برقرار رہ سکے اور مقامی لوگوں کا روزگار متاثر نہ ہو۔