سمارٹ لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر85 دکانیں سیل

 اسسٹنٹ کمشنرز کے آپریشنز ،دکانوں میں چھوٹے بڑے سٹورز بھی شامل 
لاہور(کرائم رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لاہور نے سمارٹ لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر متعدد دکانیں سیل اور جرمانے عائد کر دیئے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے بڑے پیمانے پر آپریشنز کئے۔تحصیل صدر،کینٹ اور شالیمار میں مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کی بروقت بندش یقینی بنائی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر عابد ممتاز خان سیال نے بیدیاں روڈ اور برکی روڈ سمیت تحصیل بھر میں سرویلینس یقینی بنائی،متعدد وارننگز کے بعد درجنوں املاک سربمہر کیں جبکہ اے سی کینٹ سیدہ سنبل جاوید نے625 انسپکشنز کیں، 15 دکانیں سیل کیں اور40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔سیل ہونے والی دکانوں میں چھوٹے بڑے سٹورز، دکانیں اور دفاتر شامل ہیں۔ایچ بلاک مارکیٹ میں7 دکانیں جبکہ پیراگون برکی روڈ پر9 دکانیں سیل کی گئیں۔ صدر بازار،علامہ اقبال روڈ،بیدیاں روڈ اور دھرم پورہ بازار میں بندش چیک کی گئی۔ایچ بلاک اور پیراگون سٹی میں سٹور ڈائن ان بند کرایا گیا۔اے سی شالیمار محمد عامر بٹ نے625 انسپکشنز کیں،10 دکانیں سیل کیں،2 افراد گرفتار کیے اور10 ہزار جرمانہ کیا۔اسی طرح اے سی سٹی بابر علی رائے نے 550 انسپکشنز کیں،16 خلاف ورزیاں پکڑیں اور16 دکانیں سیل کیں۔