اشتہاریوں کی فہرست مرتب کرلی گئی، پولیس کی مشترکہ ٹیمیں ممکنہ پناہ گاہوں اور رہائشوں کی ریکی کرینگی
لاہور(کرائم رپورٹر)عید کے دنوں میں پولیس نے اشتہاری ملزمان کے خلاف بڑے کریک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈکیتی، قتل، دہشتگردی اور سیاسی مقدمات کے اشتہاریوں کی فہرست مرتب کرلی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں۔حکام کے مطابق پولیس، انویسٹی گیشن ونگ اور سی آئی اے کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے مئوثر کارروائیاں کی جا سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے روپوش اشتہاریوں کے واپس لوٹنے کے امکانات پر آپریشن تیار کر لیا ہے، جس میں ہیومن انٹیلی جنس کے ذریعے کارروائیاں کی جائیں گی۔ پولیس کی مشترکہ ٹیمیں اشتہاریوں کی ممکنہ پناہ گاہوں اور رہائشوں کی ریکی کریں گی۔ اعلیٰ پولیس افسران کے مطابق ملزمان کے مقدمات کی تفصیل مشترکہ ٹیموں کو فراہم کر دی گئی ہے تاکہ گرفتاری کے عمل کو تیز اور مئوثر بنایا جا سکے۔