تمام بس اڈوں پرکرایہ نامے آویزاں کئے جائیں‘روزہ دارمسافروں کے افطار کا اہتمام بھی کیا جائے:وزیراعلی کی ہدایات
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے عید الفظر کے موقع پر پر زائد کرایہ وصول کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈائو ن کا حکم دیدیا۔ جاری بیان کے مطابق وزیراعلی مریم نوازنے زائد کرایہ وصول کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں،عوام کو ریلیف دینے کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام فیلڈ میں مسلسل چیکنگ کریں،عید کے موقع پر گھروں کولوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائیگی۔وزیراعلی پنجاب نے ڈپٹی کمشنرزکو زائدکرایوں کی وصولی اورٹکٹ بلیک روکنے کیلئے کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا،تمام بس سٹینڈز پرکرایہ نامے آویزاں کرنے،روزہ دارمسافروں کے افطار کا اہتمام کرنے کا بھی حکم دیا۔تمام بس سٹینڈزپرصفائی ستھرائی،انتظارگاہوں پر بیٹھنے کے مناسب انتظام اور پنکھوں کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی،بازاروں اورمارکیٹوں میں سماج دشمن عناصرکی آمدورفت کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے۔